منگلورو 28/دسمبر(ایس او نیوز) خواتین کے گلے سے چین اڑانے کے الزام میں منگلوروپولس نے مختلف واقعات میں چار لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے جس میں اُلال ٹی ایم سی چیف آفسر کا بیٹا بھی شامل ہے۔
مینگلور نارتھ پولیس نے ایک طرف دسمبر میں پیش آنے والی چین اڑانے کی دو وارداتوں کے سلسلے میں اُلال چیف آفسر کے بیٹے ویمرش آلوا (21 سال)اور شاہ الحسین (21 سال) کو گرفتار کیا وہیں کوناجے پولس نے منگل کو شادی کے موقعوں پر بچیوں کے گلے سے زیورات اُڑانے کے الزام میں ایک خاتون اور چوری کے زیورات کو خریدنے والے ایک جوہری کوبھی گرفتار کیا ہے۔ خاتون کی شناخت مِنت عبدالرحمن کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ جوہری کی شناخت یوگیش اچاری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پولس نےویمرش آلوا اور شاہ الحسین کے پاس سے سونے کی چین برآمد کی ہے جن کی مالیت 2.26 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔اس کے علاوہ ملزمین کے پاس سے دو ہونڈا ایکٹیوا اسکوٹرس بھی پولس نے ضبط کر لئے ہیں۔
کوناجے پولس نے جس خاتون کو گرفتار کیا ہے، اُس کے تعلق سے پولس نے بتایا کہ اتوار کو المدینہ ہال میں ہوئی شادی کی تقریب میں بچیوں کے زیورات چوری ہوگئے تھے، جس کے تعلق سے فاطمہ زہرہ اور عائشہ نامی عورتوں نے کوناجے پولس تھانہ میں شکایت درج کی تھی، چھان بین اور کئی ایک سے پوچھ تاچھ کے بعد پولس نے منت کو گرفتار کرلیا۔ پولس نے بتایا کہ اس کی گرفتاری کے بعد جب منت سے پوچھ تاچھ کی گئی تو پتہ چلا کہ وہ کئی جگہوں پر شادی کے موقعوں پر بچوں کے زیورات اُڑانے میں ملوث ہے۔ پولس نے منت کے پاس سے 60 گرام سونے کے زیورات برآمد کئے ہیں۔ پولس نے جوہری یوگیش اچاری کو بھی اس معاملے میں گرفتار کیا ہے جو اس کے پاس سے چوری کیا ہوا مال خریدا کرتا تھا۔ پولس نے جوہری کے پاس سے چوری کئے ہوئے 23 گرام کے زیورات بھی برآمد کرلئے ہیں۔